خاموشی اختیار کر لی
1962میں جب چین نے ہندستان پر حملہ کیا، اس وقت مسٹروی کے کرشنامینن (1974-1896) ہندستان کے وزیر دفاع تھے ۔ اس کے بعد ’’ اِن سائڈ اسٹوری ‘‘اور ’’اَن ٹولڈ اسٹوری‘‘ قسم کی بہت سی کتابیں لکھی گئیں جن میں مسٹر مینن کو اس حادثہ کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا ۔ اس طرح کی کتابیں اور مضامین نے اس موضوع کو لوگوں کے لیے انتہائی طور پر دلچسپی کاموضوع بنا دیا ۔ کرشنا مینن اس موضوع پر ایک کتاب لکھ کر ایک ’’بسٹ سیلر ‘‘ وجود میں لا سکتے تھے ۔ متعدد ناشرین نے ان کو ایسی ایک کتاب کے لیے بڑی بڑی رقموں کی پیش کش کی ۔ اخبارات نے اس موضوع پر مضامین لکھنے کے لیے گراں قدر معاوضے پیش کئے۔ مگر کرشنا مینن نے بالکل خاموشی اختیار کر لی ۔
