وہ صحافت کو حقیر پیشہ سمجھتے ہیں

 شیخ علی یوسف انیسویں صدی کے ایک مصری ادیب تھے جو ایک عربی جریدہ " الموید" کے اڈیٹر تھے۔انھوں نے مصر کی ایک خاتون سے شادی کی جس کا نام صفیتہ السادات تھا۔ یہ ایک صوفی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں اور اپنے والد کی اجازت کے بغیر شیخ علی یوسف سے شادی کرلی تھی۔ بعد کو جب ان کے خاندان والوں کو معلوم ہوا کہ ان کے شوہر ایک صحافی ہیں تو یہ بات انھیں اپنے خاندانی وقار کے خلاف معلوم ہوئی کہ ان کے یہاں کی ایک لڑکی ایسا گھٹیا پیشہ رکھنے والے ایک آدمی سے شادی کرلے ۔ انھوں نے خاتون پر زور ڈال کر انھیں راضی کیا کہ وہ عدالت میں تفریق کی درخواست دے کیونکہ ان کا شوہر شریعت کے مطابق ان کا کفو نہیں ہے اور وہ صحافت جیسا غیر شریف پیشہ کرتا ہے ۔ یہ دعوی ٰقاضی شرع (شیخ ابو خطوة) کی عدالت میں پیش ہوا اور قاضی نے مقدمہ کی سماعت کے بعد فیصلہ کیا کہ ایک شخص جو صحافی ہو، وہ ایک شریف خاتون کا کفو نہیں ہے اور شیخ علی یوسف اور ان کی بیوی کے درمیان تفریق کرا دی۔

سید جمال الدین افغانی (1838-1897) جن دنوں آستانہ (ترکی )میں تھے، ان کی ملاقات شیخ حسین الجسر (1909-1845) سے ہوئی ۔ شیخ جسر اپنے زمانے میں شام کے بڑے علما میں تھے۔ تاہم وہ جریدہ طرابلس میں مقالات لکھا کرتے تھے ۔ جمال الدین افغانی کو ان کے بعض خیالات سے اختلاف تھا۔ اتفاقاً دونوں کی ملاقات المابین (سلطانی سرا) میں ہوئی ۔ جمال الدین افغانی نے ان پر تنقید شروع کی۔ شیخ حسین جسر نے جواب میں کچھ کہا۔ اس کے بعد جمال الدین افغانی بلند آواز سے بولنے لگے ۔ شیخ حسین حسر نے کہا: آہستہ بولیے  ، کہیں المابین کے لوگ سن نہ لیں کہ میں صحافی ہوں اور رسائل میں مضامین لکھتا ہوں ۔ یہ سن کر جمال الدین افغانی غضبناک ہو گئے اور کہا : ولماذا يا استاذ تحاذر هذا وتأبى الانتساب الى الصحافة (آپ اتنا ڈرتے کیوں ہیں اور صحافت سے اپنی نسبت کا انکار کر رہے ہیں) صحافت ایک اچھا کام ہے میں خود صحا فی  ہوں۔ پیرس سے میں نے العروۃ الوثقی کے نام سے ایک رسالہ نکالا تھا۔ شیخ جسر نے اس کو نہیں مانا، انھوں نے کہا:إِنَّ مِثْلَهُ فِي انْتِسَابِهِ إِلَى عِلْمِ الدِّينِ يُزْرِي بِهِ فِي نَظَرِ النَّاسِ الِاشْتِغَالُ بِالصَّحَافَةِ) ابو ریہ ، 211         (                                                             

                           ان کے (شیخ جسر) جیسا ایک شخص جو علم دین کا حامل ہونےکی حیثیت سے متعارف ہے، اس کا صحافت میں مشغول ہونا اس کو لوگوں کی نظر میں گرا دے گا۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom