امیر بھارت، غریب امریکا
ایک بار مدرٹریسا (1901-1997) امریکا میں مدعو کی گئیں وہ ایک بڑے جلسہ میں شریک ہوئیں جس میں صدر امریکا بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مدرٹریسا سے کچھ بولنے کی فرمائش کی گئی اپنی بات شروع کرتے ہوئے انھوں نے پہلا جملہ یہ کہا میں امیر بھارت سے غریب امریکا میں آئی ہوں۔
ان کا مطلب یہ تھا کہ امریکا اگرچہ مادی اعتبار سے امیر ہے، مگر روحانی اعتبار سے وہ مفلس ہے، جب کہ بھارت مادی اعتبار سے پیچھے ہونےکے باوجود روحانی اعتبار سے امریکا سے آگے ہے۔
مدرٹریسا البانیہ میں پیدا ہوئیں۔ نوجوانی کی عمر میں انھوں نے انڈیا کی شہریت اختیار کرلی۔ اس کے بعد انھوں نے سچ مچ انڈیا کو اپنا وطن بنالیا۔ مذکورہ جملہ احساس وطنیت کے تحت نکلا ہوا جملہ ہے بہت سے لوگ جو انڈیا ہی میں پیدا ہوئے۔ اس کے باوجود وہ مذکورہ قسم کے احساس وطنیت سے محروم ہیں۔(ڈائری، 2اکتوبر1997)