قومیت کی بنیاد وطن

ڈاکٹر مبارک علی پاکستان کے ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ آدمی ہیں۔ انھوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ آج کل مسلم امہ کا لفظ جس عالمی معنی میں بولاجاتا ہے وہ اس سے پہلے کبھی اسلامی دَور میں موجود نہ تھا۔ سچی بات تو یہ ہے کہ مسلم امہ ایک مفروضہ ہے جس کا حقیقی تصور نہ پہلے تھا ، نہ اب ہے۔ مسلمانوں کی جو بڑی بڑی سلطنتیں بنی ہیں وہ بھی ذو معنی رہی ہیں مثلاً عثمانی ایمپائر کے دوران ارمنین ایک الگ ملت تھی اور اسے ملت ہی بولا جاتاتھا اور ملت کا لفظ بالعموم چھوٹی اقوام کے لیے استعمال ہوا ہے۔ مسلمانوں میں قومی ریاستوں کا وجود بہت شروع سے رہا ہے۔ تمام مسلمہ اقوام کی شناخت الگ الگ علاقائی لسانی بنیادوں پر یا نسلی بنیادوں پر قائم رہی ہے۔ کیوں کہ اسلام مذہب ہے قوم نہیں۔ میثاق مدینہ میں بھی یہ چیز صاف طور پر دیکھی جاسکتی ہے، جب یہود بھی مسلم امہ میں شامل تھے۔ یہ تصور وقت اور حالات کی مطابقت میں ڈھلتا رہا ہے۔ لہٰذا میری نظر میں ہمارے بین الاقوامی معاملات اور تعلقات انسانی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔ (سنڈے میگزین18مئی2003)

رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب مکہ سے ہجرت کرکے مدینہ آئےاور پہلی اسلامی اسٹیٹ بنائی تو اس وقت وہاں کچھ یہودی قبیلے بھی آباد تھے، اس وقت آپ نے ایک ڈکلیریشن جاری کیا جس کو عام طور پر میثاق مدینہ کہا جاتا ہے۔ اس میثاق میں آپ نے لکھا تھا ، جس کا ایک جملہ یہ تھا کہ یہود مسلمانوں کے ساتھ ایک امت ہیںو َإِنَّ ‌يهودَ ‌بَنِي ‌عَوْف ‌أُمَّةٌ مَعَ الْمُؤْمِنِينَ (سیرت ابن ہشام، جلد1، صفحہ503)۔ یعنی، اور یہ کہ بنو عوف کے یہود مسلمانوں کے ساتھ ایک امت ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ قومیت کی بنیاد ہمیشہ وطن ہوتا ہے، نہ کہ مذہب۔(ڈائری، 26اپریل2004)

اس جملہ میں امت کا لفظ تقریباً اسی معنی میں ہے جس معنی میں آج کل قوم (nation) کا لفظ بولا جاتا ہے۔ یعنی مدینہ کے یہودی اور مدینہ کے مسلمان جو ایک ساتھ ایک وطن میں رہتے ہیں دونوں ہم قوم ہیں، دونوں ایک ہی قوم سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس اصول کو ہندوستان پر منطبق کیا جائے تو یہ کہنا صحیح ہوگا کہ یہاں کے ہندو اور مسلمان دونوں ایک امت یا ایک قوم ہیں۔ دونوں کی قومیت (nationhood) ایک ہے۔ یہی معاملہ دوسرے ان ملکوں کا ہے جہاں مسلمان غیر مسلموں کے ساتھ رہتے ہیں۔ (ڈائری، یکم اکتوبر 2003)

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom