خبرنامہ اسلامی مرکز― 288
- مولانا وحید الدین خاں صاحب کی معروف تفسیر قرآن، تذکیر القرآن کی پہلی چار سورتوں کا ترجمہ تمل زبان میں شائع ہو چکا ہے۔ اس کا ترجمہ ڈاکٹر سید رفیق باشا ( سابق اسٹیشن ڈائریکٹر ، دور درشن ) نے کیا ہے۔ اس کا اجرا 13 جنوری 2026 کو چنئی بک فیئر میں مسٹر جے موہن نے کیا ، جو تمل زبان کے ممتاز رائٹر ہیں۔ اجرا کے بعد مسٹر جے موہن نے مولانا وحیدالدین خاں صاحب کی فکر اور علمی وراثت پر ایک نہایت اہم اور فکر انگیز خطاب کیا۔ وہ مولانا کے تصور امن ، مثبت سوچ اور زندگی کے بارے میں ان کے حقیقت پسندانہ رویے سے بے حد متاثر ہیں۔ انہوں نے مولانا صاحب سے اپنے دیرینہ تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 25 برسوں سے وہ انہیں جانتے ہیں ۔ نیزیہ کہ 2001 میں مسٹر جے موہن نے مولانا کے مذہبی رواداری پر مبنی کئی مضامین تمل ماہنامہ ’’ Sol Pudhithu‘‘ میں شائع کیے تھے، جب وہ میگزین کے نائب مدیر تھے ۔ ان کا کہنا ہے کہ مولانا صاحب کی تحریریں واقعی غیر معمولی ہیں اور قاری کو بار بار پڑھنے پر آمادہ کرتی ہیں۔ تذکیر القرآن کے تمل ترجمے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسی قرآنی تفسیر ہر دور کے قارئین کے لیے ضروری ہے۔ اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں موجود مولانا کے لاکھوں شاگردوں کی فہرست میں خود کو بھی شامل پاتے ہیں جنھوں نے ان کے افکار سے روشنی حاصل کی ہے۔ اس تقریب میں مسلم علما کے علاوہ مختلف مذاہب اور افکار سے تعلق رکھنے والی کئی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تذکیر القرآن کے تراجم تمل زبان کے علاوہ کئی دیگر زبانوں میں بھی شائع ہو چکے ہیں ، مثلاً عربی، ہندی ، تیلگو،انگریزی ، سندھی اور تھائی ، وغیرہ۔ ان کو سی پی ایس انٹرنیشنل کی ویب سائٹ سے ڈاؤنلوڈ کیا جا سکتا ہے۔
- امریکا کی Marquette University کے تھیالوجی کے طلبا کے ایک گروپ نے 3جنوری 2026کوسی پی ایس انٹرنیشنل سینٹر ، نئی دہلی کا دورہ کیا، جہاں اسلام اور امن کے موضوع پر ایک انٹرایکٹیو نشست منعقد ہوئی ، جس میں اسلام میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔ پروگرام کے اختتام پر تمام مہمانوں کو انگریزی ترجمہ قرآن اور دیگر تعارف اسلام پر مبنی لٹریچر دیے گئے۔
- نیشنل میڈیکل کالج سہارنپور میں 1 جنوری 2026 کو مولانا وحیدالدین خان صاحب کے 101واں یومِ پیدائش کی مناسبت سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔اس موقع پر کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اسلم خاں اور معروف آئی سرجن ڈاکٹر سفینہ تبسم نے خصوصی طور پر مولانا صاحب کی امن اور روحانیت پر مبنی تعلیمات کو اپنانے پر زور دیا۔ پروگرام میں جناب مشاہد علی صدیقی اور مسٹر راہل کا خصوصی تعاون رہا۔ تمام شرکا نے مولانا صاحب کے لیے جنت میں اعلیٰ مقام اور دنیا میں ان جیسے امن پسند ذہن کے فروغ کے لیے دعا کی۔اس کے بعد26 جنوری 2026 کو بھارتی آئین کے 77ویں یومِ جمہوریہ کی تقریب نیشنل میڈیکل کالج، سہارنپور میں منعقد ہوئی۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی سابق رکنِ پارلیمنٹ جناب فضل الرحمٰن، جناب مانگے رام، ڈاکٹر سفینہ تبسم اور پرنسپل ڈاکٹر اسلم نے مشترکہ طور پر ترنگا لہرا کر قومی یکجہتی کا پیغام دیا گیا۔اس موقع پر امن کے قیام اور بھارت کو ایک مضبوط قوم بنانے کے لیے اپنی فکری و روحانی خدمات انجام دینے والے پدم وِبھوشن مولانا وحیدالدین خاں صاحب کی کتابیں بطورِ خاص مہمانِ خصوصی اور دیگر معزز مہمانوں کو تحفے کے طور پر پیش کی گئیں۔
- سی پی ایس انٹرنیشنل نئی دہلی کے ٹرسٹی ڈاکٹر رجت ملہوترا کو ہنری مارٹن انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے 12 فروری 2026 کو حیدرآباد میں منعقدکانووکیشن تقریب میں ڈاکٹر آف لٹریچر (اعزازی) کی ڈگری سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز سی پی ایس انٹرنیشنل اور ان کے بہی خواہوں کے لیے اس بات کی حوصلہ افزائی ہے کہ وہ مولانا وحیدالدین خان صاحب کی علمی و فکری میراث کو پوری لگن کے ساتھ آگے بڑھاتے رہیں۔
- 21 فروری 2026 کی شام، چنئی کے بدھزم ادارے Tripitaka Tamil Foundation کے زیرِ اہتمام بدھزم کی دو کتابوں کی تقریبِ اجرا منعقد ہوئی۔ یہ کتابیں گوتم بدھ کی حیات اور تعلیمات پر مشتمل ہیں۔ یہ تقریب چنئی کے Anna Centenary Library کے میٹنگ ہال میں منعقد ہوئی۔اس تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی تھائی لینڈ کے قونصل جنرل جناب رچا اریبرگ (Racha Aribarg) اور سری لنکا کے ڈپٹی ہائی کمشنر جناب گنیساناتھن گیتیسورن (Ganesanathan Geathiswaran) نے شرکت فرمائی۔اس موقع پر سی پی ایس چنئی ٹیم کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ جناب فیض قادری اور خطیب اسرار الحسن عمری نے بطورِ مہمان شرکت کی۔ ان کتابوں کی پہلی کاپی سری لنکا کے ڈپٹی ہائی کمشنر صاحب نے جاری کی، جسے جناب فیض قادری صاحب نے حاصل کیا۔تقریب کے اختتام پر بیرونِ ملک سے تشریف لائے دونوں معزز مہمانوں کو سی پی ایس کا لٹریچر بطورِ تحفہ پیش کیا گیا، جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول فرمایا۔ اس تقریب میں شہر کی متعدد اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ مذکورہ بدھ مت ادارے کی تقریبات میں سی پی ایس چنئی ٹیم پچھلے کئی سالوں سے باقاعدگی کے ساتھ شرکت کر رہی ہے۔ (کلو ندیم احمد، آمبور، تامل ناڈو)
- سی پی ایس رائچور کی جانب سے 11 مارچ 2026 کو رمضان کی مناسبت سے بین المذاہب دعوتِ افطار کا اہتمام کیا گیا۔ رائچور کی چودھری کالونی میں واقع محبوبیہ مسجد میں منعقدہ افطار کے موقع پر دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے ساٹھ افراد کو مدعو کیا گیا۔ افطار سے قبل آصف ماسٹر اور ڈاکٹر رفیق مدگل نے اسلام کا پیغام اور روزے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ افطار کے بعد دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے تمام مہمانوں نے نماز کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔دعا کے بعد سی پی ایس رائچور چیپٹر کے اراکین، مسٹر ابوالحسن اورمسٹر ظہیرالدین خواجہ نے مہمانوں کے درمیان بطور تحفہ کنڑ ترجمہ ٔ قرآن کے نسخے تقسیم کیے۔
- 13 اپریل 2026 کو سی پی ایس یو ایس اے سینٹر میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں زیادہ تر شرکا ہارورڈ یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالرز تھے، جو اپنی پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔ بہت سے افراد پہلے ہی مولانا وحیدالدین خان صاحب سے واقف تھے اور سینٹر کا دورہ کر کے بے حد خوش ہوئے۔ انہوں نے اپنے لیے اور ہارورڈ میں اپنے ساتھیوں کے لیے کتابیں بھی حاصل کیں۔شرکا نے آئندہ بھی رابطہ برقرار رکھنے اور مزید پروگراموں و نشستوں میں شرکت کے لیے اپنی دلچسپی ظاہر کی۔ (مسٹر اسد پرویز، سی پی ایس، امریکا)
- 29-30 مارچ 2026 کو نئی دہلی میں ’’مولانا وحید الدین خاں:دورِ جدید میں امن کے سفیر‘‘ کے عنوان سے سی پی ایس انٹر نیشنل کی پہلی علما کانفرنس منعقد ہوئی تھی، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے علمانے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام لوگوں نے دین کے تعارف کے لیے امن کی اہمیت کو اجاگر کیا، اور دعوت و امن کے میدان میں مولانا وحید الدین خاں صاحب کی خدمات کا اعتراف کیا، اور یہ عہد کیا کہ مولانا صاحب نے جس طرح دعوت اور امن کے لیے کام کیا ہے، وہ بھی اسی طرح امن اور دعوت کے کام کو آگے بڑھانے کا کام کریں گے۔ اس موقع پر مولانا صاحب کی چھ کتابیں ریلیز کی گئیں، علما اور دینی مدارس(اردو)، پیغمبر انقلاب (ہندی) آخری سفر (پنجابی)، مکانۃ المرأۃ فی الإسلام، القرآن الکریم المعجزۃ الخالدۃ، تہذیب النفس سرالفوز فی الحیاۃ (عربی)۔یہ تمام کتابیں سی پی ایس انٹرنیشنل کی ویب سائٹ سے ڈاؤنلوڈ کی جاسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ سی پی ایس انٹرنیشنل کا قرآن ایپ (ApplyQuran) بھی لانچ ہوا، اس ایپ کو حسبِ ذیل QR کوڈ سے ڈاؤنلوڈ کیا جاسکتا ہے
ApplyQuran مولانا وحید الدین خاں صاحب کی
ایپ گوگل پلے سٹور سے ڈاؤنلوڈ کتابوں کے مطالعہ کے لیے یہ
کرنے کے لیے QR کوڈ اسکین کریں کوڈ اسکین کریں
Magazine :
