غزوۃ بدر موعِد
شعبان4ھ
غزوۃ ذات الرقاع سے واپسی کے بعد آخر رجب تک آپ مدینہ میں مقیم رہے۔ احد سے واپسی کے وقت چونکہ ابو سفیان سے وعدہ ہو چکا تھا کہ سال آئندہ بدر میں مقابلہ ہوگا۔ اس بنا پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پندرہ سو صحابہ کے ساتھ بدر کی طرف روانہ ہوئے۔ بدر پہنچ کر آٹھ روز تک ابو سفیان کا انتظار کیا۔ ابو سفیان اور اہل مکہ مرالظہر ان تک پہنچے لیکن مقابلہ کی ہمت نہ ہوئی اور یہ کہہ کر واپس ہوگئے کہ یہ سال قحط اور گرانی کا ہے، جنگ وجدال کا نہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آٹھ روز کے انتظار کے بعد بلاجدال وقتال مدینہ واپس ہوگئے۔
