صحابہ کی احتیاط

ایک روایت حدیث کی مختلف کتابوں میں آئی ہے، صحیح البخاری کے الفاظ یہ ہیں:عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ الزُّبَيْرِ، قَالَ : قُلْتُ لِلزُّبَيْرِ : إِنِّي لاَ أَسْمَعُكَ تُحَدِّثُ عَنْ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَمَا يُحَدِّثُ فُلاَنٌ وَفُلاَنٌ؟ قَالَ : أَمَا إِنِّي لَمْ أُفَارِقْهُ، وَلَكِنْ سَمِعْتُهُ يَقُولُ : مَنْ كَذَبَ عَلَيَّ فَلْيَتَبَوَّأْ مَقْعَدَهُ مِنَ النَّارِ (صحیح البخاری، حدیث نمبر 107)۔ یعنی، عبد اللہ بن زبیر نے اپنے باپ زبیر سے کہا، میں آپ کو نہیں سنتا کہ آپ رسول اللہ سے اس طرح بیان کرتے جیسا کہ فلاں اور فلاں بیان کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا : میں کبھی رسول اللہ سے جدا نہیں ہوا۔ لیکن میں نے آپ کو کہتے ہوئے سنا کہ جس نے مجھ پر جھوٹ باندھا تو وہ اپنا ٹھکانا جہنم میں بنالے۔

اس حدیث میں جس چیز کی وعید آئی ہے وہ رسول اللہ کی طرف جھوٹی بات منسوب کرنا ہے۔ جو آدمی اپنے علم کے مطابق سچی بات کو رسول اللہ کی طرف منسوب کرے، اس کی اللہ کے ہاں کوئی پکڑ نہیں۔ پکڑ اس انسان کے لیے ہے، جو بالقصد خلاف واقعہ بات کو رسول اللہ کی طرف منسوب کرے۔ بالفرض اگر نقلِ روایت میں کوئی غلطی ہوجائے تو اس کی کوئی پکڑاللہ کے پاس نہیں ہے ۔ کیوں کہ پکڑ نیت پر ہے۔ اگر آدمی کی نیت درست ہے تو ضرور اس کو حق بات پھیلانا چاہیے۔

جن اصحاب نے ایسا کیا، بظاہر انھوں نے احتیاط کی بنا پر کیا۔ لیکن میرے نزدیک یہ اجتہادی خطا کا معاملہ ہے۔ اس لیے کہ ایک صحابی کے پاس رسول اللہ کی ایک بات ہے، اور اس نے اس کو قولِ رسول کی حیثیت سے نہیں بتایا، اور اسی حالت میں وہ دنیا سے چلے گئے۔ توان کا کیس اجتہادی خطا کا کیس کہلائے گا۔ کیوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجۃالوداع کے موقع پر تمام صحابہ کو واضح الفاظ میں یہ تلقین کی تھی:فَلْيُبَلِّغِ الشَّاهِدُ الغَائِبَ، فَرُبَّ مُبَلَّغٍ أَوْعَى مِنْ سَامِعٍ (صحیح البخاری، حدیث نمبر1741) ۔ یعنی، تم میں سے جو حاضر ہے وہ غائب کو پہنچادے۔ ہوسکتا ہے کہ جن کو پہنچایا جارہا ہو، وہ سننے والے سے زیادہ سمجھنے والا ہو۔

Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom