استقلال

فارسی کا مثل ہے کہ یک درگیر و محکم گیر۔ یعنی ایک در کو پکڑو اور وہیں مضبوطی کے ساتھ جمے رہو۔ یہ فطرت کا ایک قانون ہے جس کا تعلق زندگی کے ہر شعبے سے ہے ۔ آپ ایک پودا ز مین میں لگائیں، اور اس کے بعد ہر روز اس کی جگہ بدلتے رہیں تو ایسا پودا کبھی بڑا درخت نہیں بن سکتا۔ ہر بار جب آپ اس کو کھود کر نکا لیں گے تو اس کی کچھ جڑیں کٹ جائیں گی۔ اس طرح بار بار جڑوں کے کٹنے کا نتیجہ یہ ہوگا کہ وہ اس قابل ہی نہیں رہے گا کہ زمین میں جماؤ حاصل کرنے اور پھر اوپر اٹھ کر فضا میں اپنی شاخیں پھیلائے۔

ایک آدمی پرائیویٹ ملازمت میں ہے۔ وہ اگر ایسا کرے کہ آئے دن ایک جگہ کو چھوڑ کر دوسری جگہ جائے تو وہ لوگوں کی نظر میں ہمیشہ بے قیمت بنا رہے گا۔ اگر وہ ایک جگہ وفاداری کے ساتھ رہتا تو وہاں اس کو قدر دانی ملتی ۔ اپنے عمل سے وہاں وہ اپنے مالک کا دل جیتتااور پھر اس کو ترقی کا درجہ ملتا۔ لیکن جگہ بدلنے کی صورت میں وہ ہمیشہ پریشان رہے گا۔ وہ اپنے لیے ایک قابل اعتماد زندگی بنانے میں کامیاب نہیں ہو گا۔ اس دنیا میں استقلال کے بغیر کوئی کامیابی ممکن نہیں ۔

ایک ڈاکٹر اگر بار بار اپنے کلینک کی جگہ بدلے ۔ یا ایک دکان دار بار بار ایک دکان کو چھوڑ کر دوسری دکان شروع کرتا رہے تو نہ ایسا ڈاکٹر کبھی کامیاب ہوگا اور نہ ایسا دکان دار۔ دونوں ہی آخر کار ترقی سے محروم ہو کر رہ جائیں گے ۔

کوئی آدمی جب ایک سماج میں رہتا ہے تو وہ اپنے کردار سے اپنی ایک تاریخ بناتا ہے۔ یہ تاریخ ہر انسان کا عظیم ترین سرمایہ ہے۔ اگر آپ کی یہ تاریخ بن جائے کہ آپ جھوٹ نہیں بولتے، آپ وعدہ خلافی نہیں کرتے، آپ خیانت نہیں کرتے ۔ آپ کسی کے ساتھ بدخواہی کا معاملہ نہیں کرتے ۔ آپ اپنے اصولوں سے کبھی نہیں ہٹتے ، آپ جو کام کرتے ہیں ذمہ داری کے ساتھ کرتے ہیں، تو آپ کی یہ تصویر آپ کا سب سے بڑا سرمایہ ہوگی۔

مگریہ تصویر اسی وقت بنے گی جب کہ آپ ایک جگہ دیر تک ٹھہریں۔ اگر آپ بار بار جگہ بدلیں تو لوگوں کی نظر میں آپ کی تصویر بھی نہیں بنے گی۔ آپ لوگوں کا اعتماد حاصل نہ کرسکیں گے اور اعلی ترقی کے درجہ تک پہنچنے میں کبھی کامیاب نہ ہوں گے ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion