تین منٹ

سید امتیازالدین دسنوی ایک انجنیئر ہیں۔ 1967 میں وہ سروس کے تحت ضلع پونہ کی ایک بستی لونولہ (Lonavla) میں تھے۔ ایک روز جب کہ وہ وہاں کے مسلمانوں کے ساتھ مسجد میں تراویح کی نماز پڑھ رہے تھے ، سٹرک پر شور و غل کی آواز آئی۔ ہندوؤں کا ایک جلوس مسجد سے ملی ہوئی سڑک سے گزر رہا تھا۔ مسجد کے سامنے پہنچ کر وہ لوگ ٹھہر گئے اور زور زور سے باجا بجانے لگے۔

تراویح میں ہر دو رکعت پر سلام پھیرا جاتا ہے۔ چنانچہ امام صاحب نے جب دو رکعت پور ی کر کے السلام علیکم و رحمۃ اللہ کہا تو اچانک نمازی غصہ ہو گئے۔ کچھ لوگ اٹھنے لگے کہ جاکر جلوس والوں سے کہیں کہ مسجد ہے، یہاں شور نہ کرو، آگے جاؤ ۔ سید امتیاز الدین صاحب نے کہا کہ چند منٹ بیٹھ کر آپ ذکرکرلیجیے، یہ لوگ اپنے آپ یہاں سے چلے جائیں گے۔ چنانچہ تمام نمازی خاموش ہو کر بیٹھ گئے۔

 20 مارچ 1994 کی ملاقات میں سید تمیز الدین صاحب نے بتایا کہ مشکل سے تین منٹ گزرے ہوں گے کہ آوا ز کم ہونے لگی اور تھوڑی دیر میں بالکل ختم ہوگئی۔ جلوس صرف تین منٹ مسجد کے سامنے ٹھہرا اور اس کے بعد وہ اپنے آپ ہی آگے چلا گیا۔

اس کے برعکس اگر کچھ مسلمان سٹرک پر آکر روک ٹوک کرتے تو وہ لوگ ضد میں پڑ جاتے۔ اب دونوں طرف سے اصرار بڑھتا۔ یہاں تک کہ جلوس کا مسئلہ دونوں کے لیے     وقار کا مسئلہ بن جاتا۔ اس کے بعد معاملہ اور آگے بڑھتا اور آخر کا ر وہ چیز ظہور میں آجاتی جس کو فرقہ وارانہ فساد کہا جاتا ہے۔ ایک طرف مسجد کی تراویح ادھوری رہ جاتی۔ دوسری طرف بستی آگ اور خون کے طوفان میں نہا اٹھتی۔

اسی قسم کا برعکس واقعہ 1980 میں مراد آباد میں پیش آچکا ہے۔ رمضان کے مہینہ میں غیر مسلموں کا جلوس مسجد کے سامنے آگیا اور باجا بجانے لگا۔ مسجد میں جومسلمان نماز کے لیے جمع تھے وہ ’’تین منٹ‘‘ کے صبر پر راضی نہیں ہوئے۔ باہر نکل کر انھوں نے جلوس کو روکنا شروع کیا۔ اس کا انجام مراد آباد کو بھیانک فساد کی صورت میں برداشت کرنا پڑا۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ امن اور فساد کے درمیان صرف تین منٹ کا فاصلہ ہے۔ اگر آپ تین منٹ کے اشتعال کو برداشت کر لیں تو ہر طرف امن ہی امن ہوگا ، اور اگر آپ تین منٹ کے اشتعال کو برداشت نہ کریں تو ہر طرف فساد ہی فساد۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion