خاتمہ نہیں
مواقع نکل جاتے ہیں، مگر مواقع ختم نہیں ہوتے— یہ موجودہ دنیا کا ایک ایسا سبق ہے جو گویا ہر ذرہ اور ہر پتی سے روزانہ نشر کیا جارہا ہے۔
ہماری دنیا کو کسی انسان نے نہیں بنایا ہے بلکہ خدا نے بنایا ہے جس کی طاقتیں لامحدود ہیں۔ دنیا کو بنانے والا اگر انسان ہوتا تو اس کے امکانات محدود ہوتے۔ مگر جب لامحدود خدا نے اس کوبنایا ہے تو اس کے امکانات اور مواقع بھی لامحدود ہیں۔
کتنے ہی مواقع آپ کے ہاتھ سے نکل جائیں۔ کتنے ہی زیادہ امکانات کو آپ کھو دیں، پھر بھی آپ کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔ کیوں کہ ہمیشہ مزید امکانات اور مواقع آپ کے لیے موجود ہوں گے جن کو استعمال کر کے آپ اپنا مستقبل تعمیر کر سکیں۔
جب مواقع ختم ہونے والے نہ ہوں تو مواقع سے نکل جانے پر افسوس کرنا صرف بے خبر آدمی کا کام ہو سکتا ہے۔ جب ایک سواری چھوٹ کر دوسری سواری ملنے والی ہو تو مسافراس سواری کاغم نہیں کرتا جو چلی گئی ، بلکہ اگلی سواری کا انتظار کرتا ہے تاکہ اس میں بیٹھ کر اپنا سفر جاری کر سکے۔
موجودہ دنیا میں اصل اہمیت کی بات یہ نہیں ہے کہ ایک آیا ہو اموقع آپ کے ہاتھ سے نکل گیا۔ اصل اہمیت کی بات یہ ہے کہ دوسرے مواقع جو ابھی باقی ہیں ، ان کو آپ نےپہچانا یا نہیں اور ان کو استعمال کر کے دوبارہ اپنی زندگی کو کامیاب بنانے کا جذبہ آپ کے اندر جا گا یا نہیں ۔ اگر یہ دوسری بات حاصل ہو جائے تو پہلی بات کی پر وا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ۔
زندگی نام ہے ایک موقع کو کھو کر دوسرے موقع کو استعمال کرنے کا۔ اسی طرح دوسرے کامیاب ہونے والوں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اور اسی طرح آپ بھی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ کامیابی کا اس کے سوا کوئی طریقہ نہ دوسروں کے لیے ہے اور نہ آپ کے لیے۔
یہ قادر مطلق کی شان کے خلاف ہے کہ وہ ایسی دنیا بنائے جہاں مواقع اتنے کم ہوں کہ ایک موقع نکل جانے کے بعد دوسرا موقع آدمی کے لیے باقی نہ رہے۔
