کمزور بھی طاقتور
جار جز بیدات (1983-1899) ایک فرانسیسی سیاست داں ہے ۔ اس کے عام خیالات سے اتفاق کرنا مشکل ہے۔ تاہم اس کا ایک قول بہت با معنی ہے۔ اس نے کہا کہ کمزور آدمی کے پاس ایک ہتھیار ہوتا ہے، اور وہ ان لوگوں کی غلطیاں ہیں جو یہ سمجھیں کہ وہ طاقتور ہیں :
The weak have one weapon, the errors of those who think they are strong.—George Bidault
اس دنیا میں سب سے بڑی کمزوری اپنے آپ کو طاقت ور سمجھ لینا ہے۔ جو آدمی اپنے کو طاقت ور سمجھنے لگے وہ ضرور غلطیاں کرے گا۔ ایسے آدمی کا حال یہ ہوتا ہے کہ وہ طاقت کے گھمنڈ میں تدبیر سے بے پروا ہو جاتا ہے۔ اور جو آدمی تدبیر کی طرف سے بے پروا ہو جائے اس کے لیے شکست یقینی ہے ۔ کیوں کہ اس دنیا میں کوئی بھی شخص اتنا طاقت ور نہیں کہ اس کوتدبیر کی ضرورت ہی نہ ہو۔
جب بھی کوئی آدمی یہ محسوس کرے کہ اس کا حریف طاقت کے زعم میں آکر اس کو ستارہا ہے تو آدمی کو سمجھ لینا چاہیے کہ اب خود اس کا حریف اس کو اپنے خلاف ہتھیار فراہم کر رہا ہے۔ ایسی حالت میں آدمی کو چاہیے کہ وہ حریف کی سرگرمیوں سے بخوبی واقفیت حاصل کرنے کی کوشش کرے ۔
آدمی کو اس کا مطالعہ لازمی طور پر اس نتیجہ پر یہاں پہنچائے گاکر حریف کے اندر فلاں کمزوری پیدا ہو گئی ہے اور وہ دھیرے دھیرے بڑھ رہی ہے ۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ اس کمزوری کو جانے اور اس کو بھر پور طور پر استعمال کرے ، وہ یقینی طور پر حریف کو زیر کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
اس دنیا میں کمزور بھی طاقتور ہے، اور طاقتور بھی کمزور۔ خدا نے کسی بھی شخص کو یہ حیثیت نہیں دی کہ وہ مطلق طور پر کمزور ہو جائے یا وہ مطلق طور پر طاقتور بن جائے ۔ اس دنیا میں ہر ایک کو یہ موقع حاصل ہے کہ وہ بظاہر نا موافق ماحول میں بھی کامیابی کے مواقع پالے شرط صرف یہ ہے کہ اس نے اپنی خداداد عقل کو درست طور پر استعمال کیا ہو ۔
