ہر طرف سبق

کائنات پوری کی پوری انسان کے لیے سبق ہے۔ یہ سبق ایک وسیع خدائی کتاب ہے جس کے ہر صفحہ پر انسان کے لیے ایک پیغام لکھا ہوا ہے، جس کے ہر ذرہ اور ہر پتہ پر نصیحت کے کلمات درج ہیں۔ تاہم یہ سب کے سب خاموش زبان میں ہیں۔ انسان اگر اس کائناتی کتاب کو پڑھ سکے تو وہ اس میں وہ سب کچھ پالے گا جس کے ذریعہ وہ موجودہ دنیا میں اپنی زندگی کی اعلیٰ تعمیر کر سکے۔

رات کے بعد صبح کا آنا آدمی کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ اس دنیا میں ہر نا خوشگوار صورتحال کے بعد اپنے آپ ایک نئی خوشگوار صورت حال آرہی ہے۔ سورج یہ پیغام دے رہا ہے کہ اگر تم لوگوں کے درمیان محبوب بننا چاہتے ہو تو لوگوں کے درمیان نفع بخش بن کر زندگی گزارو۔ ہرے بھرے درخت یہ پیغام دے رہے ہیں کہ اس دنیا میں یہ امکان چھپا ہوا ہے کہ مٹی جیسی خشک چیز سے درخت جیسی ایک پر بہار چیز وجود میں آئے۔ ایک بہتا ہوا دریا یہ پیغام دے رہا ہے کہ دنیا میں کوئی بھی رکاوٹ تمہارا راستہ روکنے والی نہیں، بشرطیکہ تمہارے اندر رکاوٹوں کے باوجود اپنا سفر جاری رکھنے کی صلاحیت موجود ہو ۔

چڑیوں کو دیکھیے۔ رات کے وقت چڑیاں اپنے بسیرے کے مقامات پر خاموش ہو جاتی ہیں مگر جب رات کا وقت ختم ہوتا ہے اور سو یر اشروع ہوتا ہے تو چڑیاں درختوں پر چہچہانے لگتی ہیں۔اس طرح چڑیاں یہ پیغام دے رہی ہیں کہ خوشیوں اور امنگوں کے ساتھ اپنے بستروں سے اٹھ جاؤ اور دن کی روشنی میں بھر پور طور پر اپنی کوشش جاری کر دو۔

 اسی طرح ہماری دنیا کے ہر جزء میں مفید سبق ہے۔ یہ دنیا اپنے پورے وجود کے ساتھ اسباق کی عظیم ترین انسائیکلو پیڈیا ہے۔ اس میں وہ سب کچھ لکھا ہوا موجود ہے جو آدمی کو اپنی زندگی کے تعمیر کے لیے درکار ہے۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion