چیلنج نہ کہ انتقام

اسپین میں مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ پیش آیا اس کو عام طور پر صلیبی جنگوں کا انتقام بتایا جاتا ہے۔ صلیبی جنگیں تیرھویں صدی کے آخر میں ختم ہوئی تھیں۔ مولانا شبلی نعمانی نے پہلی عالمی جنگ (1914) تک ہونے والے اس قسم کے تمام واقعات کی یہی ایک توجیہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا:

کہاں تک لوگے ہم سے انتقام فتح ایوبی   دکھاؤ گے ہمیں جنگ ِصلیبی کا سماں کب تک

مسلم دانشوروں میں یہی ذہن اب تک باقی ہے۔ چنانچہ فلسطین سے لے کر بوسنیا تک کے تمام واقعات کو دوبارہ وہ اسی انتقامی توجیہ کے خانہ میں ڈالے ہوئے ہیں۔ مگر یہ توجیہ   قرآن اور قانون فطرت دونوں کے خلاف ہے ۔

ابن ِخلدون کا زمانہ عین وہی تھا جب کہ اسپین میں مسلم سلطنت کا زوال ہوا۔ اس نے اپنے مقدمہ میں تاریخ اور فطرت کا یہ قانون بتایا کہ ہر سلطنت یا ہرعروج یافتہ قوم آخر کار زوال کا شکار ہوتی ہے)ملاحظہ ہو مقدمہ ابن خلدون کا باب:إنَّ الدَّوْلَةَ لَهَا أَعْمَارٌ طَبِيعِيَّةٌ كَمَا لِلْأَشْخَاصِ صفحہ170-72(۔

اصل یہ ہے کہ اس دنیا کا نظام چیلنج کے اصول پر بنایا گیا ہے۔ اس کو قرآن میں کہیں تِلْكَ الْأَيَّامَ نُدَاوِلُهَا بَيْنَ النَّاسِ(3:140) — ہم ان ایام کو لوگوں کے درمیان بدلتے رہتے ہیں — کہا گیا ہے، اور کہیں اس کو بَعْضُكُمْ لِبَعْضٍ عَدُ وٌّ (2:36) —تم ایک دوسرے کے دشمن ہوں گے — کے لفظ سے تعبیر کیا گیا ہے۔ یہاں ایک قوم کا ابھرنا دوسری قوم کے لیے چیلنج بنتا ہے۔ اس چیلنج سے مغلوب قوم کی صلاحیتیں جاگتی ہیں۔ وہ اٹھ کر غالب قوم کو زیر کرتی ہے۔ اس طرح غالب اور مغلوب کے در میان مختلف صورتوں میں مسابقت جاری رہتی ہے۔ یہی مسابقت یا چیلنج تمام انسانی ترقیوں کا واحد زینہ ہے۔ اس عمل کے دوران کبھی ایک قوم گرتی ہے اور کبھی دوسری قوم ، تا ہم مجموعی اعتبار سے انسانیت کا سفر ترقی کی طرف جاری رہتا ہے۔ مغلوب قوم پیش آمدہ چیلنج کا مقابلہ کر کے دوبارہ غالب آسکتی ہے لیکن فریاد اور احتجاج کا طریقہ اس کو خدا کی دنیا میں کہیں پہنچانے والا نہیں۔

انتقامی توجیہ صرف نفرت کے جذبات ابھارتی ہے۔ اس کے برعکس، فطرت پر مبنی توجیہ آدمی کے اندر یہ جذبہ پیدا کرتی ہے کہ وہ پیش آمدہ چیلنج کا مقابلہ کرے اور اس طرح اپنی کھوئی ہوئی حیثیت کو دوبارہ مزید اضافے کے ساتھ حاصل کرلے ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion