مسائل پر صبر

ایک بستی تھی ۔ وہاں کے لوگ بہت تیز زبان تھے ۔ وہاں دو آدمیوں نے دکان کھولی ۔ ایک نوجوان تھا اور دوسرا بوڑھا۔ نوجوان کی دکان جلد ہی ختم ہوگئی۔ بوڑھے کی دکان چلتی رہی۔ آ ج وہ ا س بستی میں سب سے بڑا دولت مند بنا ہوا ہے ۔ اب ہر آدمی اس سے ادب کے ساتھ بات کرتا ہے۔

اس کی وجہ یہ تھی کہ نوجوان دکان دار نے جب دیکھا کہ جو گاہک آتا ہے وہ تیز زبان میں بات کرتا ہے تو اس نے لوگوں کی تیز کلامی کے خلاف جنگ شروع کر دی ۔ نتیجہ یہ ہوا کہ اس کے خلاف لوگوں کی تیز کلامی تیز دستی تک پہنچ گئی۔ لوگوں نے اس کو پکڑ کر مارا، یہاں تک کہ وہ دکان بند کر کے وہاں سے بھاگ گیا ۔

بوڑھے دکان دار کی کامیابی کا راز یہ تھا کہ اس نے لوگوں کی تیز زبان اور درشت کلام کو نظر انداز کیا۔ اس نے اپنی نظر صرف لوگوں کی ’’جیب‘‘ پر رکھی، اور لوگوں کی ’’زبان‘‘ سے اپنی نظر ہٹالی۔ اسی پالیسی کا نتیجہ تھا کہ اس نے اپنی دکان داری میں شاندار کامیابی حاصل کی۔

یہ دنیا کی کامیابی کا واقعہ ہے ۔ آخرت کی کامیابی کا اصول بھی یہی ہے ۔ آخرت کی کامیابی کے لیے بھی اسی طرح لوگوں کی زیادتیوں پر صبر کر نا پڑتا ہے ۔ جو شخص دنیا میں صبر کا طریقہ اختیار نہ کرے اس کے لیے آخرت کی ’’تجارت‘‘ کو کامیاب بنانا ممکن نہیں۔

آخرت کی کامیابی کے لیے اہل ایمان کو جو فرض سونپا گیا ہے، وہ دعوت الی اللہ ہے ۔ اسی فرض کی انجام دہی پر ان کو وہ کامیابی ملنے والی ہے جس کو آخرت کی جنّت کہا گیا ہے ۔ نیز جب اہل ایمان یہ خدائی ذمہ داری ادا کرتے ہیں تو ابتدائی انعام کے طور پر انھیں دنیا میں بھی سربلندی دیدی جاتی ہے ۔ لیکن اگر وہ صبر پر قائم نہ ہو سکیں تو وہ دنیا میں بھی محروم رہتے ہیں اور آخرت میں بھی۔

موجودہ زمانے کے مسلمانوں کا کیس ، ایک لفظ میں، یہ ہے کہ جن باتوں پر انھیں صبر کرنا تھا ان پر وہ لڑرہے ہیں، اور اس کو غلط طور پر جہاد کہتے ہیں ۔ اس دنیا میں لازماً ایسا ہو گا کہ مسلمانوں کو دوسروں کی طرف سے زیادتیوں کا تجربہ ہو گا ۔ اہل ِایمان کو لاز ما ًایسا کرنا ہے کہ وہ مسائل سے اپنی نظریں ہٹالیں اور اپنی ساری توجہ صرف فرض کی ادائیگی پر لگادیں ۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion