کامل تباہی
ریمنڈ گرام سونگ (Raymond Gram Swing) کا ایک قول ہے۔ اس نے کہا کہ امن کا بدل جنگ نہیں ہے ، امن کا بدل ہلاکت ہے :
The alternative to peace is not war. It is annihilation.
یہ بات پچھلے زمانوں میں بھی صحیح تھی ، مگر آج تو وہ آخری حد تک درست اور صحیح ہو چکی ہے۔ جدید ہتھیاروں نے اب اس کو بالکل ناممکن بنا دیا ہے کہ جنگ کے ذریعہ کوئی شخص یا قوم کوئی مثبت نتیجہ حاصل کرے ۔ اب جو لوگ جنگ کا انتخاب کریں انھیں پیشگی طور پر جان لینا چا ہیے کہ وہ اپنے لیے صرف موت کا انتخاب کر رہے ہیں، نہ کہ زندگی اور ترقی کا۔
اگر آپ کسی مسئلہ سے دو چار ہیں تو صبر اور تحمل کے ذریعہ اس کے ساتھ نباہ کیجیے اور جو بھی کوشش کیجیے لازمی طور پر امن کے دائرے میں رہتے ہوئے کیجیے۔ اس کے بجائے اگر آپ نے جنگ اور ٹکراؤ کا راستہ اختیار کیا تو آپ اپنے مسئلہ کو ختم کرنے میں کامیاب تو نہیں ہوں گے البتہ اپنے آپ کو مزید نا قابل حل مسائل اور ناقابل تلافی ہلاکت میں مبتلا کرلیں گے ۔
مسئلہ آپ کے خیال کے مطابق، خواہ کتنا ہی گمبھیر ہو، آپ کو اچھی طرح جان لینا چاہیے کہ آپ کے لیے انتخاب صرف دو چیزوں میں ہے ۔ یا تو صورت موجودہ کو گوارا کرتے ہوئے پر امن دائرے میں اپنی کوشش جاری کیجیے، یا لڑ بھڑ کر اپنے کو ہلاک کر لیجیے۔ اس کے سوا دوسری کوئی ممکن صورت سرے سے آپ کے لیے موجود ہی نہیں ۔
قدیم زمانے میں جنگ کسی مسئلہ کو حل کرنے کا وسیلہ ہو سکتی تھی، مگر موجودہ زمانے میں جنگ خود سب سے بڑا مسئلہ پیدا کرنے کا ذریعہ بن چکی ہے ۔ موجودہ زمانے کی جنگ جو عمومی تباہی لاتی ہے وہ تمام تباہیوں سے زیادہ بڑی تباہی ہے ۔ اس لیے اب آدمی کو صرف دو میں سے ایک کام کرنا ہے ۔ یا تو وہ پر امن دائرے میں رہتے ہوئے اپنی کوشش انجام دے ، یا پھرخاموشی کا طریقہ اختیار کرے ۔
