شعوری دریافت نہیں

ماہر القادری (1978-1906) رسالہ فاران (کراچی) کے اڈیٹر تھے۔ اسی کے ساتھ وہ مشہورشاعر بھی ہیں ۔ ان کا ایک شعر یہ ہے :

پہلے ہرشے کو ہم آواز کیا جاتا ہے                  پھر کہیں نغمہ کا آغاز کیا جاتا ہے

 یہ شعر زندگی کی ایک اہم حقیقت کو بتا رہا ہے اور وہ یہ کہ ہرا قدام سے پہلے تیاری کی ضرورت ہوتی ہے۔ حالات موافق بنائے بغیر کوئی نتیجہ خیز عمل نہیں کیا جاسکتا ۔ اجتماعی زندگی میں کسی واقعے کو ظہور میں لانے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے مختلف اجتماعی عوامل کو اس کے موافق بنایا جائے ۔ ماحول کو ’’ہم آواز‘‘  بنانے سے پہلے جو نغمہ، چھیڑا جائے وہ عملاً بے معنی شور ہو گا ، وہ دلوں کو کھینچنے والا نغمہ نہیں بن سکتا ۔

مگر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ما ہر القا دری کے لیے یہ صرف ایک شاعرانہ نکتہ تھا ، وہ ان کی فکری دریافت نہ تھی۔ کیوں کہ ہم دیکھتے ہیں کہ انھوں نے خود اپنی زندگی میں اس کے برعکس عمل کیا۔ پاکستان بننے کے بعد مولانا ابوالاعلیٰ مودودی نے وہاں ضروری معاشرتی حالات پیدا کیے بغیر ’’مطالبہ نظام اسلامی‘‘  کی ناکام مہم شروع کر دی۔ گویا انھوں نے چیزوں کو ہمآواز کیے بغیر نغمہ کا آغاز کر دیا۔ مگرماہرالقادری نے مولانا ابوالاعلی ٰمودودی کی اس بے فائدہ مہم میں ان کی پوری تائید کی ۔ حالاں کہ ان کے مذکورہ شعر کا تقاضا تھا کہ وہ ان پر تنقید کریں۔

بیشتر لوگوں کا حال یہ ہے کہ وہ ’’مشاعرہ‘‘  کی سطح پر اچھی اچھی باتیں کہتے ہیں ، مگر وہ حقیقی عمل کی سطح پر ان کو اختیار نہیں کر پاتے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ باتیں ان کی فکری دریافت نہیں ہوتیں ۔وہ موقع کی مناسبت سے ان باتوں کو لفظی طور پر بول دیتے ہیں مگر وہ ان کے فکر کا حصہ نہیں ہوتی ۔ وہ ان کی سوچی سمجھی رائے نہیں ہوتی جس سے ہٹنا ان کے لیے ممکن نہ ہو۔

کسی بات کو شعوری فکر کے طور پر پانا ایک چیز ہے، اور تقریر یا تحریر میں لفظی طور پر اس کوبول دینا بالکل دوسری چیز ۔کوئی حقیقت اسی وقت آدمی کے ذہن کا جزء بنتی ہے جب کہ وہ اس کوشعوری طور پر پائے ۔ اور کوئی حقیقت آدمی کے عمل میں صرف اس وقت شامل ہوتی ہے جب کہ اس نے اس حقیقت کو شعوری طور پر پایا ہو۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion