شکایت کا مزاج

 مولانا آپ شکایت کو شکر کا قاتل سمجھتے ہیں آخر کیوں شکایت اتنی بری چیز ہے، کیا شکایت والا ذہن کفر تک پہنچادیتا ہے ؟(حافظ سید اقبال احمد عمری، عمر آباد، تامل ناڈو )

میں یہ نہیں کہتا کہ شکایت کفر ہے۔ شکایت صرف ایک برائی کا نام نہیں ہے۔بلکہ وہ برائیوں کی جڑ ہے۔ ایک کے بعد دوسری، دوسری کے بعد تیسری برائیوں کا نام شکایت ہے۔یعنی شکایت اپنے ساتھ بہت سی دیگر برائیاں بھی لاتی ہے۔ اس طرح سے شکایت برائیوں کا منبع بن جاتی ہے۔ اگر آپ پتھر کا ایک ٹکرا اپنی جیب میں رکھ لیں تو وہ جیسا آج ہے، ویسا ہی سوسال تک رہے گا۔ لیکن شکایت کا معاملہ اس سے مختلف ہے۔ شکایت ہمیشہ گرو (grow) کرتی ہے، یعنی وہ برابر بڑھتی رہتی ہے۔ یہاں تک کہ وہ انسان کی پوری شخصیت پر چھاجاتی ہے۔ شکایت کوئی پازیٹیو (positive) چیز نہیں۔ وہ انسان کی شخصیت کو منفی شخصیت بنادیتی ہے۔ جو انسان شکایت کی نفسیات میں جیتا ہو، وہ شکر کی نفسیات سے خالی ہوگا۔

 کسی انسان کے اندر شکایت کیوں پیدا ہوتی ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ وہ انسان منصوبۂ تخلیق سے بےخبر ہے۔ اللہ رب العالمین کے منصو بۂ تخلیق کے مطابق، اس دنیا میں انسان کو مصیبت سے چھٹکارا نہیں۔ انسان مصیبت کی وجہ سے شکایت میں مبتلا ہوتا ہے۔اس حقیقت کو قرآن میں ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے:وَلَنَبْلُوَنَّکُمْ بِشَیْءٍ مِنَ الْخَوْفِ وَالْجُوعِ وَنَقْصٍ مِنَ الْأَمْوَالِ وَالْأَنْفُسِ وَالثَّمَرَاتِ وَبَشِّرِ الصَّابِرِینَ۔ الَّذِینَ إِذَا أَصَابَتْہُمْ مُصِیبَةٌ قَالُوا إِنَّا لِلَّہِ وَإِنَّا إِلَیْہِ رَاجِعُونَ۔ أُولَئِکَ عَلَیْہِمْ صَلَوَاتٌ مِنْ رَبِّہِمْ وَرَحْمَةٌ وَأُولَئِکَ ہُمُ الْمُہْتَدُونَ (2:155-157)۔ یعنی ہم ضرور تم کو آزمائیں گے کچھ ڈر اور بھوک سے اور مالوں اور جانوں اور پھلوں کی کمی سے، اور ثابت قدم رہنے والوں کو خوش خبری دے دو۔ جن کا حال یہ ہے کہ جب ان کو کوئی مصیبت پہنچتی ہے تو وہ کہتے ہیں ہم اللہ کے ہیں اور ہم اسی کی طرف لوٹنے والے ہیں۔ یہی لوگ ہیں جن کے اوپر ان کے رب کی شاباشیاں ہیں اور رحمت ہے، اور یہی لوگ ہیں جو راہ پر ہیں۔اس آیت سے یہ سبق ملتا ہے کہ شکایت انسانی شخصیت کی تعمیر کے لیے ایک قاتل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انسان اپنے اندر صبر یعنی پازیٹیو سوچ کی صفت پیدا کرے۔ یہ اس کی شخصیت کی تعمیر کرے گی۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion