29ستمبر2005
CPS ٹیم کے ایک صاحب سے میں نے کہا کہ مجھے ٹیم کے لوگوں میں ہرقسم کی اعلیٰ صلاحیت نظر آتی ہے۔ مگر یاد رکھیے کسی بھی انسانی گروہ کے لیے سب سے بڑا خطرہ صرف ایک ہوتا ہے۔ اور وہ ہے اختلاف کے وقت برداشت کا ثبوت نہ دینا۔ اختلاف کو نظرانداز کرکے بدستور متحد نہ رہنا۔ اس صلاحیت کو میں آرٹ آف ڈفرینس مینجمنٹ کہتاہوں۔
میں نے کہا کہ ڈفر ینس یا اختلاف ایسی چیز ہے جو ہمیشہ پیداہوتی ہے۔ اصحاب رسول میں اختلافات پیدا ہوئے۔ یہاں تک کہ ایک زمانے میں دو پیغمبرہوں تو ان میں بھی اختلاف پیدا ہوسکتا ہے۔ جیسا کہ قرآن سے معلوم ہوتا ہے کہ موسیٰ اور ہارون کے درمیان اختلاف پیداہوا اور وہ صورت پیش آئی جس کو قرآن میں حضرت ہارون کی زبان سے ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے:لا تَأْخُذْ بِلِحْيَتِي وَلا بِرَأْسِي (20:40)۔ یعنی، تم میری داڑھی نہ پکڑو اور نہ میرا سر۔
