4 مارچ 1990

مولا ناانیس لقمان ندوی کے ساتھ فجر کی نماز کالی مسجد (نظام الدین) میں پڑھی۔ نماز سے واپس آتے ہوئے میں نے کہا کہ بعد کے دور میں مسلمانوں میں اسلام کا ظاہری ڈھانچہ تو باقی رہا مگر اسلام کی اصل اسپرٹ کم ہوگئی۔ میں نے مثال دیتے ہوئے چند باتوں کا ذکرکیا۔ مثلاً مکہ اسپرٹ ،حدیبیہ اسپرٹ ،افْعَلْ ‌وَلَا ‌حَرَجَ (صحیح البخاری، حدیث نمبر 124) اسپرٹ ،حسن (بن علی)اسپرٹ ، وغیرہ۔

مکہ اسپرٹ سے مراد ہے یک طرفہ صبر کرتے ہوئے لوگوں کو خدا کا پیغام پہنچانا۔ حدیبیہ اسپرٹ سے مرادہے مشکلات کو چھوڑ کرمواقع کو استعمال (avail) کرنا۔ افْعَلْ ‌وَلَا ‌حَرَجَ (کر لو، کوئی حرج نہیں) اسپرٹ یہ ہے کہ جزئیاتی مسائل کے اختلاف کو توسع کے خانہ میں ڈالتے ہوئے اصل دین پر تو جہ صرف کرنا۔ حسن (بن علی)اسپرٹ یہ ہے کہ باہمی اختلاف اگر دو طرفہ بنیاد پر حل نہ ہورہا ہو تو یک طرفہ دست برداری کے ذریعہ اختلاف کو ختم کر دینا۔

افْعَلْ ‌وَلَا ‌حَرَجَ سے اِس روایت کی طرف اشارہ ہے:حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حجۃ الوداع کے موقع پر منیٰ میں قیام پذیر تھے، اس وقت لوگ آپ سے مختلف مسائل کے بارے میں سوال کر رہے تھے۔ چنانچہ ایک شخص آیا اور کہنے لگا:’’مجھے علم نہ ہو سکا، اور میں نے قربانی سے پہلے حلق کر لیا۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’قربانی کر لو، کوئی حرج نہیں۔‘‘ پھر دوسرا شخص آیا اور کہنے لگا:       ’’مجھے علم نہ ہو سکا، اور میں نے رمی سے پہلے قربانی کر دی۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’رمی کر لو، کوئی حرج نہیں۔‘‘ اس دن نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے کسی نے بھی اعمال حج کی ترتیب کے آگے پیچھے ہونے کے بارے میں سوال کیا، تو آپ یہی فرمایا:افْعَلْ ‌وَلَا ‌حَرَجَ (صحیح بخاری، حدیث نمبر 83)۔ یعنی، کر لو، کوئی حرج نہیں۔

ایک دوسری روایت میں ہے:حضرت اسامہ بن شُریک کہتے ہیں کہ منیٰ میں لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے پاس آتے تھے۔ کوئی شخص کہتا کہ اے خدا کے رسول، میں نے طواف سے پہلے سعی کر لی۔ کوئی کہتا کہ میں نے رمی جمار سے پہلے حلق کر الیا۔ کسی نے کہا کہ میں نے پہلے قربانی کی اور اس کے بعد رمی کیا۔ اسی طرح لوگ مختلف مسائل پوچھتے رہے۔ آپ اس قسم کے سوالات کے جواب میں فرماتے:لاَ حَرَجَ،لاَ حَرَجَ (کوئی حرج نہیں، کوئی حرج نہیں)۔ حرج کی بات تو یہ ہے کہ کوئی آدمی اپنے بھائی کو بے عزت کرے۔ ایسا ہی شخص ظالم ہے۔ اسی نے حرج والا کام کیا اور ہلاک ہوا (سنن ابی داؤد، حدیث نمبر 2015)۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion