اختلاف نہیں

سب سے اچھا انسان نوپرابلم انسان ہے۔ انسانی زندگی میں نزاع اس لیے پیدا ہوتی ہے کہ ہر آدمی اپنا ایک ذہن بنا لیتا ہے۔ وہ اسی ذہن کو اچھا سمجھتا ہے۔ وہ چاہنے لگتاہے کہ اسی کی بات چلے۔ اسی سے تمام جھگڑے پیدا ہوتے ہیں۔ اگر آدمی بے مسئلہ انسان بن جائے تو ہر مسئلہ اپنے آپ ختم ہوجائے گا۔

اجتماعی زندگی میںکبھی ایسا نہیں ہوتا کہ ایک ہی بات سب سے زیادہ صحیح بات ہو۔ عام طور پر چیزوں کے مختلف پہلو ہوتے ہیں۔ ایک پہلو سے اگر آپ دیکھیں تو وہ صحیح دکھائی دے گا، لیکن اگر اینگل بدل دیا جائے تو دوسری بات صحیح نظر آنے لگے گی۔

اس کے لیے ضروری ہے کہ آپس میں مشورہ کا ماحول ہو۔ مشورہ دراصل اپنی عقل میں دوسروں کی عقل کو شامل کرنا ہے۔ اصل یہ ہے کہ انسان اس دنیا میں محدود طور پر چیزوں کو دیکھ پاتا ہے ، یا سوچ پاتا ہے۔ اس کی یہ محدودیت اس وقت ختم ہوسکتی ہے، جب کہ دوسرے انسانوں کے ساتھ کوآپریشن (cooperation) کرنا سیکھے۔

آپسی اختلاف کو ختم کرنے کی سب سے آسان صورت یہ ہے کہ کوئی فریق مسئلے کو ایگو کا مسئلہ نہ بنائے۔ ہر ایک اس کے لیے تیار رہے کہ وہ نزاع کے بغیر دوسرے کی بات مان لے گا۔ وہ یہ نہ سمجھے کہ اگر دوسرے کی بات چلی تو میری ہار ہوجائے گی۔ ہر آدمی دوسرے کی بات ماننے کے لیے تیار رہے۔ وہ مسئلے کو اس نظرسے دیکھے کہ زیادہ بہتر طریقے سے کام کو کیسے آگے بڑھایا جاسکتاہے۔

سارا معاملہ تنگ نظری اور وسعتِ نظری کا ہے۔ اگر تنگ نظری کی نگاہ سے دیکھا جائے تو دوسرے کی بات ماننا ،دوسرے کے آگے جھکنا معلوم ہوتا ہے۔ لیکن اگروسعت نظری کی نگاہ سے دیکھا جائے تو ایسا معلوم ہوگا کہ ہ بات اپنی ہی بات ہے۔ ہر جیت خود اپنی ہی جیت ہے۔

سب سے بری چیز خود غرضی (selfishness) ہے۔ اگر آدمی خود غرضی میں جیے تو ہر بات اس کو مسئلہ معلوم ہوگی، اور اگر آدمی خود غرضی سے اوپر اٹھ جائے تو اپنے اور غیر کا فرق ختم ہوجاتا ہے۔ پھر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ساری دنیا اپنی ہے، اور سارے انسان اپنے انسان ہیں۔

Maulana Wahiduddin Khan
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom

Ask, Learn, Grow

Your spiritual companion