11 جولائی 1989
تفسیر قرطبی فقہی انداز کی تفسیر ہے ۔ قرطبی امام مالک کے مسلک کے تھے۔ تاہم انھوں نے بعض مقامات پر امام مالک سے اختلاف کیا ہے۔ مثلاً حج کے موقع پرجو رمی جمار کیا جاتا ہے، اس کے متعلق حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ چھوٹی کنکریاں (چنے کی دال کے برابر) ماری جا سکتی ہیں( سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر3029)۔ اس سلسلہ میں امام مالک نے کہا ہے کہ اس سے بڑی کنکری مجھ کو زیادہ محبوب ہے — أَكْبَرُ مِنْ ذَلِكَ أَحَبُّ إِلَيَّ۔ قرطبی نے اس پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ امام مالک کے اس قول کے کوئی معنی نہیں — وَلَا مَعْنَى لِقَوْلِ مَالِكٍ( تفسیر القرطبی، جلد3، صفحہ11)۔ اس تنقید میں استخفاف کا عنصر شامل ہے ۔ مگرکسی نے اس کو برا نہیں مانا۔ موجودہ زمانہ میں تو لوگ تنقید کے بارے میں اتنے حساس ہو گئے ہیں کہ خالص علمی اور تجزیاتی تنقید بھی انھیں گوارا نہیں۔
